شہر قائد میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14 گھنٹے سے بھی زائد ہونے پر شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں بدترین بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ کورنگی، بلدیہ ٹاؤن اور اورنگی ٹاؤن میں 5 گھنٹے سے زائد بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری ہے جبکہ لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی بجلی معطلی کا دورانیہ 5 گھنٹے سے بڑھ گیا ہے۔
گزشتہ رات شہر کے کئی علاقے تاریکی میں ڈوبے رہے اور مختلف علاقوں میں 12 سے 14 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ ہوئی۔
نیو کراچی اور نارتھ ناظم آباد میں بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہی جبکہ سرجانی ٹاؤن کے مختلف سیکٹرز، کورنگی دو نمبر، ڈیڑھ نمبر، بھٹائی آباد، پہلوان گوٹھ اور رابعہ سٹی میں بھی کئی گھنٹے سے بجلی معطل ہے۔
کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی، ملیر اور لانڈھی میں بھی بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق گیس سپلائی میں کمی کے باعث صنعتی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ بڑھنے کا خدشہ ہے۔ کم گیس پریشر کے باعث بجلی کی پیداواری صلاحیت متاثر ہو رہی ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق مجموعی طور پر 400 میگاواٹ بجلی کی فراہمی متاثر ہے۔ سائٹ اور کورنگی سمیت گیس پر چلنے والے پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار متاثر ہوئی ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق فرنس آئل پر چلنے والے پاور پلانٹس پوری استعداد پر چل رہے ہیں۔ کچھ عرصے کیلئے حکومت سے آر ایل این جی کی فراہمی کی درخواست کی گئی ہے۔
from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/3mJGmbc
No comments:
Post a Comment