وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں قوم کو یوم آزادی کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج قائد کے نظریے پر عمل پیرا ہونے اور عہد کرنے کا دن ہے۔
عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج وطن کےدفاع میں جانیں قربان کرنے والوں کوخراج عقیدت پیش کرنےکا دن ہے کیونکہ آج کے دن قوم کے بیٹوں نے دھرتی اور نظریے کے دفاع کیلئےقربانیاں دیں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کو گزشتہ 70سالوں سے بہت سارے چیلنجز کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے، ہم نےاندرونی اور بیرونی محاذوں پرجنگ لڑی اور اُس میں فتح حاصل کی‘۔
’ہماری قوم نے ہمسایہ ملک کی چالوں، دہشت گردی کی لعنت اور قدرتی آفات سے لے کر وبائی امراض کا نہ صرف سامنا کیا بلکہ استقامت کا مظاہرہ بھی کیا، آج ہم ایک بار پھر اپنے عہد کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم ثابت قدم رہیں گے، اتحاد ایمان اور نظم و ضبط کی مشعل راہ پر چلتے ہوئے ہر چلینج کو نہ صرف تسلیم کریں گے بلکہ اُسے شکست بھی دیں گے‘۔
عمران خان کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ’ہم نے ریاستِ مدینہ کو اپنا رول ماڈل منتخب کیا، اس کے مقصد اور حصول کے لیے ہم پوری طرح سے کوشش و جدوجہد کررہے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ ملک میں ایسا نظامِ حکومت بنائیں جو آزادی کے نظریات اور مقاصد کے عین مطابق ہو، ہم ایسا نظام بنانے کے لیے کوشاں ہے جہاں قانون کی حکمرانی ہو‘۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’آزادی کے موقع پر ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے، اُن کے لیے ہمارے دل غمزدہ ہیں کیونکہ وہ گزشتہ ایک سال سے فوجی محاصرے کا سامنا کررہے ہیں، ہم حق خود ارادیت کی جدوجہد میں اپنے کشمیری بھائیوں کے پیچھے مضبوطی سے کھڑے ہیں اور ہر دستیاب فورم پر اُن کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے‘۔
وزیر اعظم عمران خان نے بین الاقوامی برادری سے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اپنی آواز بلند کرے کیونکہ بھارتی حکومت آر ایس ایس کے نظریے پر عمل کرتے ہوئے خطے کی امن و سلامتی کے ساتھ کھیلنے کی کوشش کررہی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ بہادر کشمیریوں کی جدوجہد ضرور رنگ لائے گی اور انہیں اُن کا حق ضرور ملے گا۔
وزیر اعظم نے دعا کی کہ اللہ رب العزت ہمیں آباؤ اجداد کے وژن کی مناسبت سے ملک کی تعمیر نو کی توفیق عطا فرمائے اور کشمیری بھائیوں کو بھی بھارت کے تسلط سے آزادی عطا فرمائے تاکہ تقسیم کے ایجنڈے کو مکمل کیا جاسکے۔ آمین
from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/3kHSvfz
No comments:
Post a Comment