25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں بڑی جماعتوں کی جانب سے بے ضابطگیوں اور دھاندلی کے الزامات لگائے جارہے ہیں تاہم آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے وفود کی ملاقات آج ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں جماعتوں نے اتفاق کیا ہے کہ معاملات کو اسمبلیوں میں لے کر جائیں گے جب کہ دونوں جماعتوں کی مشترکہ کمیٹی آج سیاسی رہنماوں سے ملاقات بھی کرے گی۔
پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو بتا دیا کہ پیپلز پارٹی انتخابی نتائج پر تحفظات کے معاملے کو پارلیمنٹ میں لڑنا چاہتی ہے۔
خورشید شاہ کے مطابق پیپلز پارٹی کی کمیٹی میں نوید قمر، یوسف رضا گیلانی، راجا پرویز اشرف، شیری رحمان اور قمر زمان کائرہ شامل ہیں جب کہ مسلم لیگ ن کی کمیٹی میں شاہد خاقان عباسی، خواجہ سعد رفیق اور ایاز صادق شامل ہیں۔
خورشید شاہ نے کہا کہ کمیٹیاں مشترکہ طور پر ایم ایم اے کی قیادت کے علاوہ عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی، پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود اچکزئی اور ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار سے بھی ملاقاتیں کریں گی۔
رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ تمام جماعتوں کو اسمبلیوں سے حلف نہ اٹھانے کا فیصلہ واپس لینے پر قائل کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں تحریک انصاف کو دیگر جماعتوں کے مقابلے میں واضح برتری حاصل ہے اور وہ اتحادیوں کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے۔
from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/2K4Oui2
No comments:
Post a Comment