Ilyassawalgar

Monday 17 August 2020

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

ملاقات میں فوجی تربیتی تبادلے سمیت دونوں ملکوں کے فوجی تعلقات پر بات چیت ہوئی، آئی ایس پی آر
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچے ہیں جہاں انہوں نے سعودی اعلیٰ عسکری قیادت سے ملاقاتیں کی ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی عرب کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حامد الروئیلی اور سعودی کمانڈر جوائنٹ فورسز لیفٹیننٹ جنرل فہد بن ترکی السعود سے ملاقات کی ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ملاقات میں فوجی تربیتی تبادلے سمیت دونوں ملکوں کے فوجی تعلقات پر بات چیت ہوئی۔

اس سے قبل آرمی چیف سعودی عرب پہنچے تو ان کا استقبال سعودی عرب کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حامد الروئیلی نے کیا۔ سعودی وزارت دفاع میں آرمی چیف کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

خیال رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا سعودی عرب کا حالیہ دورہ انتہائی اہم ہے۔

گزشتہ دنوں ایک انٹرویو میں شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ اگرکشمیر پر او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس نہ بلایا گیا تو پاکستان مظلوم کشمیریوں کی مدد پرآمادہ دوست ممالک کا اجلاس بلانے پر مجبور ہو جائے گا۔

وزیر خارجہ کے بیان پر اپوزیشن جماعتوں نے شدید تنقید کی تھی اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے ردعمل میں کہا تھا کہ سعودی عرب سے متعلق وزیر خارجہ کا بیان غیرذمہ دارانہ ہے لہٰذا معذرت کی جائے۔

دوسری جانب سعودی حکومت نے اب پاکستان کو دیے گئے تین ارب ڈالر میں سے ایک ارب ڈالر واپس لے لیے ہیں جس کی تصدیق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’کورونا وائرس کی وجہ سے سعودیہ کی معیشت پر کافی دباؤ آیا ہے، تیل کی قیمتیں جس طرح گری ہیں یہ ایک تاریخی حقیقت ہے، اس کا اثر ان کی معیشت پر پڑا، انہوں نے ہماری مشکلات کو سمجھا اور ہم نے ان کی مشکلات کو سمجھنا ہے ان کے لیے ہم کل بھی حاضر تھے آج بھی حاضر ہیں‘۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/2E56BHr

No comments:

Post a Comment