Ilyassawalgar

Sunday 16 August 2020

ایم کیو ایم پاکستان کا کراچی سمیت ملک بھر میں نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ

 ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینئر عامر خان
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے ایک بار پھر کراچی سمیت ملک بھر میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کا مطالبہ کر دیا ہے۔

ایک طرف سندھ حکومت کی قیادت میں کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کی اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کی گئی ہے، دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینئر عامر خان نے نئے انتظامی یونٹس کے قیام کا مطالبہ کر دیا ہے۔

کراچی کے مسائل پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پیغام میں عامر خان نے کہا کہ کراچی کا مسئلہ اس وقت تک حل نہیں ہو سکتا جب تک مقامی افراد کو مکمل اختیار نہ دیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقامی لوگوں کو مکمل اختیار دیا جانا تب ہی ممکن ہے جب ملک بھر میں نئے انتظامی یونٹس کا قیام عمل میں لایا جائے۔

مزید پڑھیں: شہرِ قائد کے مسائل حل کرنے کیلئے مخالف سیاسی جماعتیں ایک ہو گئیں، اہم خبر آگئی

واضح رہے گزشتہ رات کراچی میں شہر کی ترقی اور مسائل کے حل کے لیے ایم کیو ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کی بڑی بیٹھک لگی تھی، جس میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، ناصر حسین شاہ، سعید غنی، میئر کراچی وسیم اختر، وفاقی وزیر علی زیدی اور اسد عمر نے شرکت کی تھی۔

اس اہم ملاقات سے یہ امر واضح ہو گیا ہے کہ شہر قائد کی ترقی اور مسائل کے حل کے لیے ایک دوسرے کی شدید مخالف سیاسی جماعتیں ایک ہو گئی ہیں اور کراچی کی بحالی، معاشی ترقی اور مسائل کے حل کے لیے تینوں جماعتوں نے اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے مل کر کام کرنے، مشترکہ حکمت عملی بنا کر آگے بڑھنے اور ساتھ چلنے پر اتفاق کر لیا ہے۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/3kQZzXh

No comments:

Post a Comment