پنجاب سے 4 اراکین صوبائی اسمبلی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی جس میں پی ٹی آئی کے سینئر مرکزی رہنما جہانگیر ترین بھی موجود تھے۔
پی ٹی آئی میں شامل ہونے والوں میں کبیروالا سے حسین جہانیاں گردیزی، لیہ سے سید رفاقت حسین شاہ اور بشارت رندھاوا اور ڈیرہ غازی خان سے حمید پتافی شامل ہیں۔
چاروں نومنتخب اراکین پنجاب اسمبلی نے تحریک انصاف کے منشور اور قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور ملک میں عمران خان کے ویژن کے نفاذ اور تبدیلی کی کاوشوں کا بھرپور حصہ بننے کا اعلان کیا۔
چیئرمین تحریک انصاف نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے تمام اراکین صوبائی اسمبلی کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی اور آئندہ حکومت میں اہم ذمہ داریاں سونپنے کا بھی اعلان کیا۔
واضح رہے کہ پنجاب میں حکومت سازی کے لیے تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان رسہ کشی جاری ہے اور دونوں پارٹیوں کی جانب سے آزاد امیدواروں سے رابطوں میں تیزی آگئی ہے، جو صوبے میں حکومت سازی کے لیے اہم کردار ادا کریں گے۔
الیکشن کمیشن پاکستان (ای سی پی) نے انتخابات 2018 میں ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے 56 گھنٹے بعد مکمل عبوری نتائج جاری کر دیئے تھے۔
ای سی پی کی جانب سے غیر حتمی سرکاری نتائج میں فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق قومی اسمبلی کی 270 نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) 115 نشستوں کے ساتھ سر فہرست ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) 64 نشستیں لے کر دوسرے اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) 43 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری غیر حتمی سرکاری نتائج میں متحدہ مجلس عمل ( ایم ایم اے ) قومی اسمبلی کی 12 جبکہ متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) پاکستان 6 نشستیں جیتے میں کامیاب ہوگئی۔
from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/2NQWNA4
No comments:
Post a Comment