تفصیلات کے مطابق کوریئر کمپنی نے ٹرافی پاکستان کرکٹ بورڈ حکام کے حوالے کی، بعد ازاں فائنل میں پہنچنے والی دونوں ٹیموں کے کپتان نے ٹرافی کے ساتھ فوٹو سیشن کرایا، اس موقع پر پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے مذاقاً کہا کہ سرفراز آپ آج پہلے ٹرافی اٹھالو میں کل اٹھالوں گا۔
بعد ازاں نیشنل اسٹڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پورے ایونٹ میں ہماری ٹیم اچھا کھیلی، اب تیسری مرتبہ فائنل کھیلنے جارہے ہیں اور اس بار کامیابی کے لیے پر امید ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شین واٹسن میچ جتوانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اور کل کے میچ میں شین واٹسن اور عمر اکمل ہمارے مرکزی بیٹسمین ہوں گے، جبکہ احسان علی اور احمد شہزاد سے بھی امیدیں ہیں۔
سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ مدمقابل مضبوط ٹیم ہوگی لیکن 190 رنز اسکور کرنے والی ٹیم کو برتری مل سکتی ہے، دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کی خامیوں اور خوبیوں سے آگاہ ہیں۔
قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ کراوڈ بہت نیوٹرل ہے اگر کراچی میں کرکٹ ہوگی تو ملک میں کرکٹ ہوگی، پاکستان میں کرکٹ مقابلوں کا معیار بہت بلند ہوگیا ہے۔
بعد ازاں پشاور زلمی کپتان ڈیرن سیمی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ فائنل کا گیم پلان ابھی نہیں بتا سکتا،ہم فائنل جیتنا چاہتے ہیں اور پہلے بیٹنگ کرکے اسکور بورڈ پر بڑا ٹوٹل سجانا فائدہ مند ہوتا ہے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ کوئٹہ کی ٹیم تمام میچز میں عمدہ پرفارمنس دیکر فائنل میں پہنچی ہے، ان کے بیٹسمین خصوصاً شین واٹسن بہت اچھی فارم میں ہیں، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ مجھے اپنی ٹیم پر بھروسہ ہے اور بہترین فائٹ کی توقع ہے۔
پشاورزلمی کے کپتان نے کہا کہ یہ کہنا غلط ہے کہ پی ایس ایل سے اچھے بیٹسمین سامنے نہیں آئے،دراصل بولنگ کا معیار بہت شاندار رہا، شاہین آفریدی اور موسٰی بہت اچھے بولرز ہیں۔
from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/2UEWNqO
No comments:
Post a Comment