پی ایس ایل 4 فائنل کا ٹاکرا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان آج ہو گا جس کے لیے شائقین پُرجوش اور کھلاڑی پرامید ہیں۔
گزشتہ روز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پی ایس ایل 4 ٹرافی کی رونمائی کی گئی جس میں کپتان سرفراز احمد اور ڈیرن سیمی کا ٹرافی تھامے فوٹو سیشن بھی ہوا اور دونوں کے درمیان دلچسپ مکالموں کا تبادلہ بھی کیا گیا۔
اس دوران ڈیرن سیمی نے سرفراز سے کہا کہ آج ٹرافی تم اٹھاؤ کل ہم اٹھائیں گے، ایسے میں سرفراز احمد نے بھی بھرپور جذبے سے جواب دیا کہ ہم آج بھی اٹھائیں گے اور کل بھی۔
یہی نہیں ڈیرن سیمی نے پی ایس ایل ٹرافی کا جف سوشل میڈیا ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں کل شدت سے اس کو چاہتا ہوں آپ کو کیا لگتا ہے یہ میرے پاس آسکتی ہے؟۔
ٹرافی رونمائی کے بعد دونوں کپتانوں نے میڈیا سے گفتگو کی اور پی ایس ایل فائنل کے لیے اظہار خیال کیا۔
پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم کو یہاں فائدہ ہوگا، کوشش کریں گے کہ پہلے بیٹنگ کریں تو بڑا اسکور بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ اچھی ٹیم ہے لیکن ہمارے پاس بھی اچھے کھلاڑی ہیں، شین واٹسن ہمارے لیے پریشانی کا باعث نہیں بن سکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں بولنگ نہیں کر پا رہا لیکن ہماری ٹیم میں ٹورنامنٹ کی سب سے زیادہ وکٹیں لینے والا بولر حسن علی موجود ہے اور ان کے ساتھ وہاب ریاض کا ہونا بہترین ہے۔
ڈیرن سیمی نے مزید کہا کہ مصباح ہماری ٹیم کی خوبصورتی ہے اور زلمی کسی ایک کھلاڑی پر نہیں ٹیم کی طرح کھیلتی ہے جب کہ میری خود کی پرفارمنس میرے لیے بہت معنی رکھتی ہے کیونکہ پشاور زلمی کو میری ضرورت ہے۔
ان کا پی ایس ایل کے حوالے سے کہنا تھا کہ اس لیگ میں بولنگ کا معیار بہت اعلیٰ ہے لیکن یہ کہنا غلط ہوگا کہ پی ایس ایل سے بیٹسمین نہیں مل رہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پورے ایونٹ میں ہماری ٹیم اچھا کھیلی ہے اب ہم تیسری مرتبہ فائنل کھیلنے جارہے ہیں اور کامیابی کے لیے پرامید ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹاس میچ کے نتیجے پر اثر انداز ہوگا جب کہ 190 رنز اسکور کرنے والی ٹیم کو برتری حاصل ہوسکتی ہے۔
سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ کل کے میچ میں شروع کے بیٹسمین اہم کردار ادا کریں گے تاہم شین واٹن اور عمر اکمل ہمارے مرکزی بیٹسمین ہوں گے جب کہ احسان علی اور احمد شہزاد سے بھی امیدیں ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان نے کہا کہ دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کی خوبی اور خامی سے واقف ہیں تاہم باؤنڈری میں اضافے کے بعد بولرز اور بیسٹمین خوش ہیں۔
سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ آئندہ برس پی ایس ایل 5 پاکستان میں ہی ہونا چاہیے کیونکہ جو کرکٹ کا معیار پاکستان میں دیکھنے کو مل رہا ہے ویسا دبئی اور شارجہ میں بھی نہیں تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کراچی میں کرکٹ ہوگی تو ملک میں کرکٹ ہوگی۔
کپتان سرفراز احمد نے پی ایس ایل فائنل میچ کے ٹکٹس کے حوالے سے شائقین کرکٹ سے درخواست کی اور کہا کہ ٹکٹ مانگنے والوں کی فرمائش بڑھ گئیں ہیں اور میرے پاس ٹکٹ نہیں لہٰذا نظر کرم کریں۔
from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/2HqU4OP
No comments:
Post a Comment