Ilyassawalgar

Tuesday 14 August 2018

اسپیکرقومی اسمبلی کیلئے خورشید شاہ اور اسد قیصر کے کاغذات نامزدگی جمع

اسپیکرقومی اسمبلی کیلئے خورشید شاہ اور اسد قیصر کے کاغذات نامزدگی جمع
اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے تحریک انصاف کی جانب سے اسد قیصر اور ہم خیال جماعتوں کے امیدوار سید خورشید شاہ نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔

تحریک انصاف کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے قاسم سوری نے اپنے کاغذات نامزدگی سیکرٹری قومی اسمبلی کے پاس جمع کرا دیے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ بھی پارٹی رہنماوں کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاوس پہنچے جہاں انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، وہ متحدہ اپوزیشن کے نامزد امیدوار ہیں۔

سیکرٹری قومی اسمبلی نے خورشید شاہ کے کاغذات نامزدگی وصول کیے اس موقع پر دونوں کے درمیان دلچسپ مکالمہ بھی ہوا۔

سیکرٹری قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ آپ کے آنے سے پہلے ہم بلا مقابلہ انتخاب کا طریقہ دیکھ رہے تھے جس پر خورشید شاہ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ یہ تو میرے خلاف سازش تھی۔

اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے خورشید شاہ کے تجویز کنندگان میں ان کے دیرینہ دوست سید نوید قمر، رمیش لعل، شازیہ ثوبیہ، مسرت مہیسر اور شاہدہ رحمانی شامل ہیں۔

امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اسپیکر شپ کے لیے پی ٹی آئی کے اسد قیصر اور متحدہ اپوزیشن کے خورشید شاہ کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوگا۔

یاد رہے کہ کل ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران خفیہ رائے شماری کے ذریعے اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔

کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ 25 سال سے پارلیمنٹ میں ہوں اور جتنے ممبران پارلیمنٹ میں آرہے ہیں سب سے اچھا تعلق ہے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ ساری سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کی بالادستی کے لیے بات کی ہے۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/2nAQfKL

No comments:

Post a Comment