Ilyassawalgar

Tuesday, 31 July 2018

محترمہ فاطمہ جناح کا 125 واں یوم پیدائش

محترمہ فاطمہ جناح کا 125 واں یوم پیدائش
مادر ملت اور قائداعظم محمدعلی جناح کی بہن محترمہ فاطمہ جناح کا ایک سو پچیسواں یوم پیدائش آج منایا جارہا ہے۔ حصول پاکستان کی جدوجہد میں مسلمان عورتوں میں زندگی کی نئی روح پھونکنے والی محترمہ فاطمہ جناح جذبہ خدمت اور جرات و بے باکی میں قائداعظم کی مثل تھیں۔

بانی پاکستان قائد عظم محمد علی جناح کی ہمشیرہ اور مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح تیس جولائی اٹھارہ سو ترانوے کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔ بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹی فاطمہ جناح بچپن سے ہی اپنے بڑے بھائی محمد علی جناح سے قربت رکھتی تھیں

شاید یہی وجہ تھی محترمہ ہی قائد اعظم کی فکری وراثت کی بھی امین بنیں۔ اپنی زندگی کا بیش تر حصہ عظیم بھائی کی رفاقت میں گزارا۔ قائداعظم کی زندگی کے آخری انیس برس لمحہ بہ لمحہ ان کے ساتھ رہیں اورخدمت قوم و وطن کا بیڑا اٹھایا۔

محترمہ نے مسلمان عورتوں میں زندگی کی ایک نئی روح پھونک دی۔ یہ اُنہی کی کوششوں کا نتیجہ تھا کہ حصول پاکستان کی جدوجہد میں مسلمان عورتوں نے بھی مردوں کے ساتھ قابل تعریف خدمات انجام دیں۔

قائد شدید علیل ہوئے تو محترمہ فاطمہ جناح نے اپنے بھائی کی خدمت اور تیمارداری میں دن رات ایک کردیا اور قائد اعظم کی وفات کے بعد ان کا مشن آگے بڑھایا

انیس سو پینسٹھ کے صدارتی انتخابات میں محترمہ فاطمہ جناح نے صدارتی امیدوار کے طور پر بھرپور حصہ لیا مگر وہ حکومتی مشینری اور بیورو کریسی کی سازشوں کے ہاتھوں شکست کھا گئیں اورسیاست سے کنارہ کش ہوگئیں۔

مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح نو جولائی انیس سو سڑسٹھ کو کراچی میں وفات پاگئیں ۔ وہ اپنے عظیم بھائی کے مزار کے احاطے میں آسودہ خاک ہوئیں۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/2AmSn1W

No comments:

Post a Comment